موسم کی تبدیلی کے ساتھ بیماریاں پھیلنے لگیں، ہسپتالوں میں مریضوں کا رش

جہلم شہر اور گردونواح میں موسم گرما کی اچانک شدت کے بعد الرجی، ناک، کان، گلا، آنکھوں اور پیٹ کے امراض میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم کے ای این ٹی (ناک، کان، گلا) اور گیسٹرو کے شعبہ جات میں روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی، گرد و غبار، خشک سالی اور ناقص صفائی کے باعث شہری بڑی تعداد میں الرجی، سانس، گلا خراب ہونے، آنکھوں کی سوزش اور پیٹ کی خرابی جیسے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب نجی کلینکس اور ہسپتالوں پر بھی مریضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے، جہاں پرائیویٹ ڈاکٹرز نے مریضوں کے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیسوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر جیسے صاف پانی کا استعمال، دھول مٹی سے بچاؤ، ماسک پہننا اور ہلکی خوراک کا استعمال ان بیماریوں سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔
شہریوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور پرائیویٹ کلینکس پر فیسوں کے کنٹرول کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔



