دینہ: جہلم پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے اور شہریوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور دھمکیوں کے واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ناجائز 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا، جسے قبضہ پولیس میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور شہریوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا سنگین جرم ہے، جو نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پھیلاتا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈی پی او نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، ہوائی فائرنگ یا امن عامہ کو متاثر کرنے والے عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
