کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس افسران کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

سوہاوہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے عوامی مسائل کے حل اور پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سرگرم اقدامات کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ ان کی جانب سے تھانہ سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور ان کے مسائل سنے گئے۔
ڈی پی او طارق عزیز نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس افسران کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا ہے۔ سائلین کے مسائل فوری حل کرنے اور ان کی داد رسی کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ان درخواستوں کا ریکارڈ جدید آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں محفوظ کیا جاتا ہے اور مقررہ وقت میں ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جاتا ہے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم نے تھانہ سوہاوہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کی بلڈنگ، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، ایس آئی پیز پروٹوکول، اور میس ہال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرکاری تنصیبات کی حفاظت اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے احکامات دیے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تنصیبات ہماری قوم کی امانت ہیں، ان کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کو مقررہ وقت میں یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
ڈی پی او طارق عزیز نے پولیس خدمت مرکز سوہاوہ کا بھی دورہ کیا، جہاں دفتر کے ریکارڈ اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام عملے کو ہدایت دی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں تمام سہولیات بروقت فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز میں حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈی پی او طارق عزیز نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے سرپرائز وزٹس جاری رہیں گے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے تھانوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



