جہلم کی ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشن پینے کے صاف پانی سے محروم

جہلم: ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشن پینے کے صاف پانی سے محروم، متعلقہ افسران خاموش تماشائی، مکینوں اور مسافروں کو مشکلات کاسامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشن پر پچھلے کئی روز سے پانی کی فراہمی بند ہے جس کیوجہ سے ریلوے کالونی کے مکین اور مسافر مشکلات میں مبتلا ہیں۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشن میں گذشتہ کئی دنوں سے پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہے اور ریلوے انتظامیہ ریلوے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ ریلوے کے رہائشی پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ پچھلے کی روز سے ریلوے کالونی کربلا کی منظر کشی کر رہی ہے، متعلقہ افسران سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کرر ہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کالونی میں رہائش پذیر ملازمین کے بچے سکول جانے کے بجائے صبح سویرے پانی کی تلاش میں نکلتے ہیں اور سارا دن پانی کی تلاش میں سر گردان رہتے ہیں۔ پانی کی شدید قلت کے باعث ریلوے مکین پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
مکینوں نے ڈی ایس ریلوے راولپنڈی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جہلم ریلوے کالونی اور ریلوے اسٹیشن پر پانی کی دستیابی کے احکامات جاری کریں تاکہ پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



