ڈپٹی کمشنر جہلم کا سول ہسپتال اور ای این ٹی سینٹر کا دورہ، مریضوں سے ملاقات، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (سول) ہسپتال جہلم کے او پی ڈی وارڈ اور شاندار چوک میں واقع ای این ٹی سینٹر کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کا مقصد ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینا اور مریضوں کے مسائل براہ راست سننا تھا۔ ڈی سی جہلم نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی ادویات، علاج، صفائی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل اور دیگر متعلقہ عملے نے انہیں طبی سرگرمیوں اور سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا معیار بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی کو شکایت ہو تو وہ براہ راست ایم ایس، محکمہ صحت یا خود ڈی سی آفس سے رجوع کر سکتا ہے۔
بعد ازاں ڈی سی جہلم نے شاندار چوک میں واقع ای این ٹی سینٹر کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے موجود مریضوں سے بات چیت کی اور وہاں دستیاب طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ چھوٹے طبی مراکز میں بھی شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات میسر کی جائیں تاکہ عوام کو بہتر علاج ان کی دہلیز پر دستیاب ہو۔



