جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور خود ساختہ مہنگائی کے خلاف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی کہ گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں میں سرکاری نرخ نامے آویزاں کیے جائیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا جائے۔
اجلاس میں مجسٹریٹس کو پابند کیا گیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی کریں تاکہ عوام کو اشیائے خورد و نوش مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گرانفروشوں کی شکایات براہِ راست ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
