امتحانات کے دوران بوٹی مافیا اور غیر قانونی سرگرمی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تمام امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو امتحانات کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ ہدایات انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج جی ٹی روڈ میں جاری امتحانات کا دورہ کرتے ہوئے دیں، جہاں انہوں نے مختلف کمروں کا جائزہ لیا اور امتحانی عمل کی نگرانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے مرکز کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ امتحانی ہالز میں پینے کے ٹھنڈے پانی، فعال پنکھوں اور دیگر لازمی سہولیات کی دستیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، تاکہ گرمی کی شدت میں طلبہ کو امتحان دیتے وقت کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے واضح کیا کہ امتحانات کے دوران کسی بھی غیر قانونی سرگرمی، بوٹی مافیا یا غیر متعلقہ افراد کی مداخلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے امتحانی مراکز کا دورہ کریں اور وہاں موجود سہولیات کی دستیابی کو مسلسل مانیٹر کریں تاکہ امتحانات کا شفاف اور پرامن انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔



