محکمانہ نظم و ضبط، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ڈی پی او جہلم

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے سیف سٹی جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی صورتحال، کیمروں کے ذریعے نگرانی اور پولیس رسپانس کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی پی او نے سیف سٹی کے کنٹرول روم میں کیمروں کے ذریعے مختلف علاقوں کی نگرانی، اہم مقامات کی سکیورٹی اور ہنگامی صورتحال میں پولیس کے رسپانس کے نظام کا معائنہ کیا۔

ڈی پی او جہلم نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشکوک سرگرمیوں اور جرائم پیشہ عناصر کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کیمروں کی مانیٹرنگ میں کسی قسم کی غفلت ہرگز نہ برتی جائے۔

شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم کو جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی موثر مانیٹرنگ، بروقت رسپانس اور جدید ٹیکنالوجی کا درست استعمال جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع بھر میں مؤثر سکیورٹی و نگرانی کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

قبل ازیں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے پولیس لائنز جہلم میں پولیس افسران کا خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں افسران کو مختلف امور پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ایس ڈی پی اوز، تمام ایس ایچ اوز، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، انچارج ایلیٹ فورس، ڈی ایس پی ٹریفک، مختلف سرکلز کی نفری اور ٹریفک اسٹاف نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی پی او جہلم نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، شہریوں سے خوش اخلاقی، بہترین نظم و ضبط، جرائم پیشہ عناصر کی موثر سرکوبی، شہریوں کے مکمل تحفظ اور پولیس سہولیات کی بروقت فراہمی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات اور باعزت ماحول فراہم کیا جائے، ان کی شکایات تحمل سے سنی جائیں اور مسائل کے حل کے لیے فوری، میرٹ پر اور موثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کی شکایات پر فوری رسپانس، میرٹ پر کارروائی اور انصاف کی بروقت فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او نے ٹریفک قوانین کی پابندی اور کم عمر ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مزید فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں، جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر پٹرولنگ اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، جبکہ عوام کے ساتھ بہترین رویے اور پولیس کے مثبت تشخص کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محکمانہ نظم و ضبط، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button