قلعہ روہتاس میں سیر کے دوران گم ہونے والا 3 سالہ بچہ پولیس نے والدین سے ملا دیا

دینہ: ضلع جہلم کے تاریخی مقام قلعہ روہتاس پر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 سالہ گمشدہ بچے کو بحفاظت اس کے والدین سے ملا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں قلعہ روہتاس کے مقام پر پکٹ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو ایک کمسن بچہ ملا جو اپنے اہل خانہ سے بچھڑ گیا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو اپنی تحویل میں لیا اور اس کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس کی مسلسل کوششوں اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں بچے کے والدین کو تلاش کر لیا گیا، جس کے بعد بچے کو بحفاظت ان کے حوالے کر دیا گیا۔ بچے کے لواحقین نے اپنے بچے کی محفوظ واپسی پر جہلم پولیس کی فوری کارروائی اور انسانی ہمدردی پر مبنی رویے کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کی خدمت اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ایسے اقدامات اسی عزم کا مظہر ہیں۔



