جہلم: سوئی گیس کے ہوشربا بلوں کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی

جہلم: سوئی گیس کے ہوشربابلوں کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو سوئی گیس کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی، صارفین ماہانہ ہزاروں روپے کے بل ادا کرنے کے ساتھ ہوٹلوں سے کھانا لانے پر مجبور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے اضافے کے ساتھ ہی شہر اور ملحقہ آبادیوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا، مہنگائی کے مارے شہریوں کے مسائل میں گوناگوں اضافہ ہو گیا ہے۔
سوئی گیس کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے با وجود صارفین کی جانب سے بلوں کی بر وقت ادائیگی کی جاتی ہے مگر صارفین کو سوئی گیس کی مسلسل فراہمی نہیں کی جارہی جو سوئی گیس کے افسران کی نااہلی اور نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑرہاہے۔ بل ادا نہ کرنے پر میٹر اتار لئے جاتے ہیں بلوں کی ادائیگی کے باوجود سوئی گیس نہ ملے تو ذمہ دار افسران کی تنخواہیں ضبط کر لی جانی چاہیئے۔
عوامی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے سوئی گیس کے انفراسٹرکچر کو فوری درست کر کے جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیاہے۔



