جہلم پولیس کی کارروائی، آوارہ گردی کرنے والے 5 افراد گرفتار

جہلم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ گردی کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ گردی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے مختلف عوامی مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ایسے پانچ افراد کو حراست میں لیا جو بغیر کسی معقول وجہ کے مشتبہ سرگرمیوں میں مصروف تھے اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کا باعث بن رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
ڈی پی او نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک سرگرمیوں یا قانون کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔



