دینہ میں موٹرسائیکل کی ٹکر سے نویں کلاس کا امتحان پاس کرنے والی 15سالہ طالبہ جاں بحق

دینہ میں تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے نویں کلاس کا امتحان پاس کرنے والی 15سالہ طالبہ جاں بحق ہو گئی، والد کی بچی کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کی حسرت دل میں رہ گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں چک اکا جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا ایک المناک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے نویں جماعت کا امتحان پاس کرنے والی 15 سالہ طالبہ جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والی بچی غریب رکشہ ڈرائیور کی بیٹی تھی، جس نے حال ہی میں 9ویں جماعت کے سالانہ امتحان میں 357 نمبر حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔
دینہ کے علاقے ڈھوک اعوان کے رہائشی ملک طاہر وحید کی 15 سالہ بیٹی نور فاطمہ جو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک اکا میں زیر تعلیم تھی دہم کلاس کے سلسلے میں سکول گئی ہوئی تھی کہ واپسی پر جب وہ جی ٹی روڈ کراس کر رہی تھی تو جہلم کی سمت سے آنے والے تیز رفتار موٹرسائیکل سوار نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں نور فاطمہ سر پر شدید چوٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے بچی کی لاش کو رورل ہیلتھ سینٹر دینہ منتقل کیا۔
جاں بحق ہونے والی نور فاطمہ کے والد غم سے نڈھال ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کا خواب دیکھ رہے تھے جو اب حسرت بن کر رہ گیا۔
یاد رہے کہ چک اکا جی ٹی روڈ پر اوور ہیڈ برج نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز ایسے حادثات پیش آتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کے بچوں اور عام عوام کی حفاظت کے لیے فوری طور پر اوور ہیڈ برج تعمیر کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔



