پنڈ دادنخان: خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار، عفت میں خلل ڈالنے والے 2 ملزمان بھی گرفتار

92
پنڈ دادنخان: تھانہ للِہ پولیس نے خواتین سے زیادتی، عفت میں خلل ڈالنے اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دو الگ الگ واقعات میں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ادھر ایک دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم نے عورت کی عفت میں خلل ڈالنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ للِہ میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے سنگین جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ ایسے مقدمات میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور متاثرین کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں پولیس چوکس رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں اور معاشرتی اقدار کو پامال کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔



