پنڈدادنخان میں عطائیت کے خلاف کارروائی، غیر قانونی کلینک اور لیبارٹری سیل

پنڈدادنخان میں محکمہ صحت نے عطائیت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کلینک اور لیبارٹری سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری صحت پنجاب کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر جہلم سمیت سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی ہدایت پر تحصیل پنڈدادنخان میں عطائیت اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر کی نگرانی میں یونین کونسل جلالپور شریف کا دورہ کیا گیا، جہاں توبا میٹرنٹی ہوم، عاصم دوا خانہ اور بسم اللہ فارمیسی سمیت مختلف طبی مراکز کی چیکنگ کی گئی۔
دورانِ معائنہ ایک لیبارٹری اور ایک کلینک کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں مبینہ طور پر نہ تو کوئی مستند ڈاکٹر موجود تھا اور نہ ہی تربیت یافتہ طبی عملہ، جس میں نرس، ڈسپنسر یا متعلقہ ٹیکنیشن شامل ہو۔ مزید برآں، غیر تربیت یافتہ افراد کی جانب سے مریضوں کو انجیکشن لگانے کا عمل بھی سامنے آیا، جو مریضوں کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
معائنے کے دوران متعلقہ غیر قانونی کلینک اور لیبارٹری کو سیل کر دیا گیا، جبکہ طبی استعمال میں آنے والا سامان اور دیگر اشیاء بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر انجم قدیر نے واضح کیا کہ انسانی زندگیوں سے متعلق طبی خدمات کسی غیر مستند یا غیر تربیت یافتہ شخص کے حوالے نہیں کی جا سکتیں۔ عوام کو محفوظ، معیاری اور مستند طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عطائیت کے مکمل خاتمے تک تحصیل بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو غیر قانونی اور غیر معیاری طبی سرگرمیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔



