جہلم شہر کے مرکزی تحصیل روڈ مین بازار کی بیوٹیفکیشن اور تزئین و آرائش کا منصوبہ تاحال مکمل نہ ہوسکا، جبکہ نکاسیٔ آب کا نظام درست نہ ہونے کے باعث شہریوں اور تاجروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مین بازار کا مرکزی داخلی راستہ تحصیل روڈ سے منسلک ہے۔ تحصیل روڈ کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے شروع کیے گئے اقدامات مطلوبہ رفتار سے آگے نہ بڑھنے پر شہریوں اور تاجروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ تحصیل روڈ کی خوبصورتی کے نام پر وقتاً فوقتاً مختلف سرگرمیاں اور افسران کے دورے تو کیے جاتے ہیں، تاہم عملی طور پر منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔
مقامی تاجروں کے مطابق ناقص منصوبہ بندی کے باعث مین بازار میں نکاسیٔ آب کا مسئلہ بھی تاحال حل نہیں ہوسکا۔ بارش یا گندا پانی جمع ہونے کی صورت میں کئی کئی روز تک صورتحال خراب رہتی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیاں اور شہریوں کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے۔
شہریوں اور تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل روڈ کی بیوٹیفکیشن اور نکاسیٔ آب کے منصوبے کو فوری مکمل کرایا جائے اور متعلقہ ٹھیکیداروں کو واضح ٹائم فریم دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے نہ صرف تحصیل روڈ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل کا بھی مستقل بنیادوں پر خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
