ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سول ویٹرنری ہسپتال کے ڈاکٹر اور ائیر ڈیفنس کا اہلکار گرفتار

34
پنڈدادنخان میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سول ویٹرنری ہسپتال کے ڈاکٹر اور ائیر ڈیفنس کے اہلکار کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس جہلم کی جانب سے ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تھانہ جلالپور شریف میں سول ویٹرنری ہسپتال جلالپور شریف کے ایک ڈاکٹر اور ائیر ڈیفنس کے ایک اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ کسی بھی پولیس فورس کے رکن یا کسی بھی طبقے کا فرد اگر قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف وہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو عام شہری کے لیے مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا خود قانون کے تابع رہنا نہایت ضروری ہے تاکہ عوام میں قانون کی بالادستی اور پولیس کے مثبت امیج کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سب کے لیے یکساں ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ محفوظ پنجاب ویژن کے تحت سڑکوں پر نظم و ضبط اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر سطح پر موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔



