پسند کی شادی جرم بن گئی، پنڈدادنخان میں نوبیاہتا جوڑا مسجد کے احاطے میں قتل

پنڈدادنخان کے علاقہ للِہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو مسجد کے احاطے میں قتل کردیا گیا۔

یہ افسوسناک واقعہ جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی قصبہ للِہ میں پیش آیا جہاں کے رہائشی رحمان رسول نے صفیہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی جس پر جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ 24 سالہ سنیعہ رانی نے 27 سالہ رحمٰن رسول نامی نوجوان سے پسند کی شادی کی اور دونوں گھروں سے بھاگ گئے جس پر لڑکی کے گھر والوں نے دونوں کو صلح کا پیغام بھجوایا اور جوڑے کو صلح کے بہانے گھر بلایا جہاں دونوں سے تلخ کلامی کی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ نو بیاہتا جوڑا ڈر کر بھاگ گیا اور مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی تو لڑکی کے اہل خانہ نے مسجد کے احاطے میں فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بارے میں ایک چرواہے نے رپورٹ دی اور اطلاع ملتے ہی للِہ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے پنڈ دادنخان ہسپتال منتقل کردیا۔ واقعے کے حوالے سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور قتل میں ملوث لڑکی کے اہل خانہ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی گئی۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پنڈدادنخان سے رپورٹ طلب کر لی۔

Exit mobile version