عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماہ اپریل کے دوران روز مرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں، ان کی مارکیٹ میں دستیابی اور پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اراکین، پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ اپریل کے ابتدائی تین ہفتوں میں مہنگائی اور زائد نرخوں کی وصولی کے خلاف متعدد کارروائیاں کی گئیں۔
پرائس مجسٹریٹس نے اس دوران ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے اور صارفین کو ریلیف نہ دینے والے دکانداروں کے خلاف مختلف کارروائیاں کیں جن میں جرمانے، ایف آئی آرز اور بعض دوکانوں کی عارضی بندش بھی شامل تھی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک کے بعد بھی مہنگائی کا سامنا نہ ہو۔



