وزیر مملکت خزانہ سے چیف ایڈوائزر بنگلا دیش کے معاون خصوصی کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد: چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ انیس الزماں چوہدری نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے وزارتِ خزانہ میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، دوطرفہ تجارت بڑھانے اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے توانائی، ٹرانسپورٹ اور معیشت کے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا جبکہ براہِ راست پروازوں کی بحالی کے ذریعے عوامی روابط اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کی توثیق کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان میں بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین خان، قونصلر (پریس) محمد طیب علی، ہیڈ آف چانسری محترمہ عصرت جہاں، اور وزارتِ خزانہ کے اکنامک ایڈوائزر ڈاکٹر حسن محمد محسن بھی موجود تھے۔



