لندن میں راجہ کامران سیاب کی میاں نواز شریف سے ملاقات، ملکی امور پر تبادلہ خیال

لندن/دینہ: سابق وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے لندن میں مسلم لیگ (ن) بیڈفورڈ کے صدر راجہ کامران سیاب نے خصوصی ملاقات کی، جس میں ملکی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران راجہ کامران سیاب نے اپنے والد محترم راجہ افراسیاب (سابق چیئرمین یونین کونسل لدھڑ دینہ) کی جانب سے میاں نواز شریف کو خصوصی سلام پہنچایا۔
میاں نواز شریف نے راجہ افراسیاب کی خیریت دریافت کرتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ "انہیں میرا سلام دینا اور خیریت پوچھنا۔” ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی، معاشی اور عوامی صورتحال پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں، بالخصوص برطانیہ میں مقیم مسلم لیگی کارکنان کے کردار کو سراہا اور جماعت کی مضبوطی کے لیے ان کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر راجہ کامران سیاب نے قائد مسلم لیگ (ن) سے نیک تمناؤں اور رہنمائی کے اظہار پر اظہارِ تشکر کیا۔



