جہلم شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے سول لائن روڈ پر لگائے گئے قیمتی اور نایاب پودے میونسپل کمیٹی اور محکمہ جنگلات کی عدم توجہی کے باعث مرجھانے لگے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے خرچ کر کے لگائے گئے یہ پودے دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث سوکھنے کے قریب ہیں۔
سول لائن روڈ پر شجر کاری مہم کے تحت لگائے گئے پودوں کو نہ تو پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور نہ ہی دھوپ و گرمی سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اگلے چند ہفتوں میں یہ تمام پودے ضائع ہو جائیں گے اور شہر کو سرسبز بنانے کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق پودے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی کو کم کرنے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے ضائع ہونے سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچے گا بلکہ صاف اور خوشگوار ماحول کی امید بھی ختم ہو جائے گی۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور ڈی ایف او محکمہ جنگلات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پودوں کو بروقت پانی اور ضروری دیکھ بھال فراہم کی جا سکے، بصورت دیگر یہ سارا منصوبہ صرف کاغذوں اور تصویروں تک محدود ہو کر رہ جائے گا۔
