عوامی خدمات میں بہتری اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری انتظامی، ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق بریفنگ دی جبکہ عوامی خدمات کی فراہمی، مقررہ اہداف کے حصول اور جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کو اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، سروے سرگرمیوں اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جدید اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا سے متعلق پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔ اس موقع پر درخواستوں کی پراسیسنگ، عوامی سہولت مراکز کی کارکردگی اور شفاف سروس ڈیلیوری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنایا جائے۔
واسا جہلم کے امور، خصوصاً مین ہولز اور نکاسی آب کے نظام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ تمام کھلے اور غیر محفوظ مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے، نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور مون سون سیزن کے پیش نظر پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں ضلع بھر میں جاری بیوٹیفیکیشن سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے مرکزی شاہراہوں، بازاروں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی خوبصورتی کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔
دوران اجلاس پیرا فورس کی جانب سے کفایت شعاری مہم کے تحت کیے جانے والے انفورسمنٹ اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ حکومتی نوٹیفکیشنز، کاروباری اوقات کار اور توانائی بچت سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پیرا فورس کی فیلڈ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کی کلیدی کارکردگی اشاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول، عوامی خدمات میں بہتری اور جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔



