جہلم: منشیات فروشی کیس کا فیصلہ، مجرم کو 9 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا

جہلم: عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم آصف الیاس کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سٹی میں درج مقدمہ نمبر 290/25، بجرم CNSA دفعہ 9(1)(3)(C) کی سماعت مکمل ہونے کے بعد معزز عدالت نے فیصلہ سنایا۔ مقدمے کے مطابق مجرم آصف الیاس نے سال 2025 میں منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق جہلم پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جبکہ مکمل شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے والے ایسے عناصر کے خلاف جہلم پولیس کا بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلانا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



