سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مین بازار سوہاوہ میں جاری بیوٹیفکیشن اسکیم کے تحت ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے سائٹ کا دورہ کیا، جس کا مقصد منصوبے کی پیش رفت، معیارِ تعمیر اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
دورے کے دوران انہوں نے مین گیٹ اور داخلی راستے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام کام منظور شدہ نقشے اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی سستی، غفلت یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے راک وال اور نجی دکانوں کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ کام کو منظم انداز میں تیز کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبے کی خوبصورتی اور معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن اسکیم مکمل ہونے کے بعد مین بازار سوہاوہ کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر کاروباری ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نائٹ شفٹ میں بھی کام جاری رکھا جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
