موبائل فون فروخت کرنے سے پہلے یہ کام کرنا نہ بھولیں، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد : پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ فون فروخت کرنے یا مرمت پر دینے سے قبل قبل یہ کام ضرور کرلیں؟

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو اپنا موبائل فون فروخت کرنے، کسی کو دینے یا مرمت کے لیے بھیجنے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ اسمارٹ فونز میں ذاتی تصاویر، کانٹیکٹس، میسجز، دستاویزات، پاس ورڈز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی رسائی موجود ہوتی ہے، جس کی وجہ سے معمولی سی لاپرواہی کی صورت میں ڈیٹا چوری اور پرائیویسی متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فیکٹری ری سیٹ کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے فون کا تمام ڈیٹا مکمل طور پر اینکرپٹ (Encrypted) ہو۔

اینکرپشن کے بعد فون کو فیکٹری ری سیٹ کریں۔ جدید سافٹ ویئرز نارمل ری سیٹ کے بعد ڈیٹا بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے مکمل ری سیٹ انتہائی ضروری ہے۔

پہلی بار فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد فون میں کچھ عام یا بلا مقصد ویڈیوز اور تصاویر دوبارہ ٹرانسفر کریں اور پھر سے فون کو فیکٹری ری سیٹ کر دیں، اس عمل سے پرانے ذاتی ڈیٹا کی بحالی کے امکانات ختم ہو جاتے ہیں۔

فون سے کوئی بھی فائل ڈیلیٹ کرنے سے پہلے اپنی اہم تصاویر، کانٹیکٹس، دستاویزات اور دیگر فائلوں کو کسی محفوظ جگہ (مثلاً کلاؤڈ یا ہارڈ ڈرائیو) میں بیک اپ کریں۔

: فون کسی کے بھی حوالے کرنے سے پہلے اپنا سم کارڈ اور ایکسٹرنل میموری کارڈ لازمی نکال لیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ان چند منٹوں کی احتیاطی تدابیر سے صارفین اپنے اہم اور ذاتی ڈیٹا کی چوری اور پرائیویسی کی خلاف ورزی سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Exit mobile version