جہلم: ماہ صیام کے قریب آتے ہی ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز متحرک ہوگئے، مہنگائی کی پسی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح جہلم بھی رمضان المبارک کا مہینہ قریب آتے ہی گراں فروشوں نے اشیا ء خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی سبزیوں اور دیگر چیزوں کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے شہریوں کے ہوش اُڑا دیئے ہیں۔
رمضان المبارک سے قبل ہی گران فروشوں نے شہریوں کو لوٹنے کے لئے کمر کس لی ہے، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیاگیا ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس غائب شہری گراں فروشوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔
جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیاگیا ہے۔ گوشت، آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیوں، پھلوں سمیت دیگر ضروریات زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء عوام کی پہنچ سے آہستہ آہستہ دورکی جارہی ہیں۔
شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے اخبارنویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دوسرے ممالک اپنے مذہبی ایام کے موقع پر اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کردیتے ہیں جبکہ وطن عزیز میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اشیاء ضروریہ مہنگی کردی جاتی ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں اور مہنگائی، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، اوپر سے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافے نے رہی سہی کسر پوری کر دی ہے، غریب جائے تو جائے کہاں؟
شہریوں نے کہا کہ ہم آنے والی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مہنگائی پر قابو پا کر عوام کو تاریخی ریلیف دیا جائے تا کہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
