جہلم میں بڑھتی مہنگائی سے عوام پریشان، بنیادی اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور

جہلم: ضلع جہلم میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب، سفید پوش اور متوسط طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے اور عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدن والے طبقے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دیا ہے، جس کے نتیجے میں مال برداری کے اخراجات اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔
شہر کے مختلف بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں نے بتایا کہ ان کی آمدن محدود ہے جبکہ گھریلو اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ ان کے مطابق اب حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ روزمرہ کی ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے بھی قرض لینا پڑتا ہے، جبکہ بچوں کی تعلیم، اسکول فیس اور علاج معالجہ جیسے بنیادی اخراجات پورے کرنا بھی انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔
شہریوں اور مختلف سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے، ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے اور کم آمدن والے طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔



