ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کی چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی سے ملاقات

سوہاوہ: ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے وفد نے صدر چوہدری عمران یونس گجر کی قیادت میں چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود سے ملاقات کی، جس میں بورڈ کے انتظامی امور، ملازمین کو درپیش مسائل اور فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری معاف علی مبارک نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود کو چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور حکومت پنجاب کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ بعد ازاں وفد کے ارکان کا تعارف کروایا گیا اور دفتری معاملات، ملازمین کے مسائل اور ادارے کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ترقی، ملازمین کی فلاح اور بہترین تعلیمی خدمات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بورڈ میں کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طبی امداد کی فراہمی کی غرض سے میڈیکل ڈسپنسری کے قیام کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے خواتین ملازمین کی سہولت کے لیے ڈے کیئر سنٹر قائم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ دورانِ ملازمت خواتین کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ چیئرمین نے بورڈ میں عملے کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور ملازمین و افسران کے واجبات اور معاوضہ جات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے اس بات پر زور دیا کہ ادارے میں باہمی رابطے، تعاون اور میرٹ کو فروغ دیا جائے تاکہ تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جا سکیں اور تعلیمی بورڈ کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔

وفد کے شرکاء نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ وہ بورڈ کی ساکھ، وقار اور سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور حکومت پنجاب کے وژن اور چیئرمین کی اصلاحاتی پالیسیوں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اور پنجاب بورڈز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمران یونس گجر نے وفد کی جانب سے چیئرمین تعلیمی بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button