بیکری اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر شہری پریشان

جہلم: ضلع جہلم میں بیکری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور سرکاری سطح پر خام مال کے نرخ کم ہونے کے باوجود ریلیف عوام تک نہ پہنچنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جہلم شہر کی مختلف سماجی، فلاحی، مذہبی اور عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آٹا، میدہ، سوجی، چینی اور گھی سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بیکری مصنوعات کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

شہریوں کے مطابق ضلع بھر میں کیک، رس، خطائی، ڈبل روٹی اور دیگر بیکری مصنوعات بدستور مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں، جس کے باعث صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر خام مال سستا ہو چکا ہے تو اس کا فائدہ صارفین تک بھی منتقل ہونا چاہیے۔

عوامی حلقوں نے موقف اختیار کیا کہ بیکری مصنوعات کی قیمتوں اور معیار کی باقاعدہ نگرانی کی ضرورت ہے تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس اور متعلقہ ادارے مارکیٹوں کا معائنہ کریں اور سرکاری پالیسی کے مطابق قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے ریلیف کے ثمرات اسی صورت عوام تک پہنچ سکتے ہیں جب قیمتوں پر مؤثر کنٹرول اور نگرانی کا نظام فعال بنایا جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بیکری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لے کر مناسب نرخ مقرر کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button