پنڈدادنخان میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، جعلی کلینک اور میڈیکل سٹور سیل

پنڈدادنخان: پنجاب بھر کی طرح تحصیل پنڈدادنخان میں بھی اتائی ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ صحت کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انجم قدیر کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ جعلی کلینک اور میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے پننوال میں “کہوٹ کلینک” اور “نیو حسین میڈیکل سٹور” پر چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر اتائی ڈاکٹر مریضوں کا علاج کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان مطلوبہ لائسنس اور قانونی اجازت نامہ پیش نہ کر سکے۔

محکمہ صحت کے مطابق وقار کہوٹ نامی شخص جعلی ڈاکٹر بن کر مریضوں کا علاج کر رہا تھا اور موقع پر دو مریضوں کو ڈرپس بھی لگا رکھی تھیں۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کہوٹ کلینک اور نیو حسین میڈیکل سٹور کو سیل کر دیا جبکہ کیس مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔

ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر نے کہا کہ اینٹی کوئیکری مہم کے تحت تحصیل بھر میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور عطائیت کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اتائی ڈاکٹر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں اور ان کے غیر قانونی اقدامات کے باعث ہیپاٹائٹس، ایڈز اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔

ڈاکٹر انجم قدیر کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جعلی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

تحصیل بھر کے سماجی، فلاحی اور شہری حلقوں نے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر اور محکمہ صحت کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button