جہلم میں شادی شدہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار

جہلم میں شادی شدہ خاتون کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ اجتماعی زیادتی کا یہ افسوسناک واقعہ جہلم میں تھانہ چوٹالہ کے علاقے سنگھوئی میں پیش آیا، جہاں تین افراد نے مبینہ طور پر شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون چار بچوں کی ماں ہے جبکہ اس کا شوہر بیرون ملک مقیم ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ موجود تھی کہ اس دوران تین افراد زبردستی گھر میں داخل ہوئے۔ دو ملزمان نے خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ ایک شخص دروازے پر کھڑا رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے ابتدائی میڈیکل معائنے میں زیادتی کے شواہد سامنے آئے ہیں جبکہ مزید قانونی اور فرانزک کارروائی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حمزہ کا تعلق میرپور سے ہے اور وہ متاثرہ خاتون کا قریبی رشتہ دار ہے جبکہ دیگر دو ملزمان عمران اور راشد کا تعلق اسی علاقے سے ہے۔

تھانہ چوٹالہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button