تاجروں اور دکانداروں کیلئے بڑی خوشخبری، کاروباری اوقات پر عائد پابندیاں یکم جون تک معطل

جہلم: حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر تاجروں اور دکانداروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے دکانیں جلد بند کرنے کے احکامات یکم جون 2026 تک معطل کر دیے ہیں، جس کے بعد جہلم سمیت پنجاب بھر میں کاروباری مراکز کو مقررہ اوقاتِ بندش سے استثنیٰ حاصل ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے حکومتی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کاروباری مراکز، مارکیٹس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی مراکز کو رات گئے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی اور یہ سہولت یکم جون 2026 تک برقرار رہے گی۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن اور توانائی بچت پروگرام کے تحت دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کی پابندی کو عارضی طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 6 اپریل کو جاری کیے گئے سابقہ احکامات کے تسلسل میں تمام دکانوں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، فوڈ آؤٹ لیٹس، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو یکم جون تک مقررہ وقت پر بندش سے استثنیٰ دیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عیدالاضحیٰ سے قبل کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور شہریوں کو خریداری میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہر میں کاروباری بندش سے متعلق استثنیٰ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

تاجروں اور کاروباری تنظیموں نے حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری کے لیے مثبت قدم قرار دیا ہے۔

ہوٹلز، بیکرز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر فاروق چوہدری اور کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پرویز بٹ نے کہا کہ اس فیصلے سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور تاجروں کو ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل توانائی بچت پروگرام کے تحت دکانیں رات 8 بجے جبکہ سبزی، پھل، بیکرز اور ہوٹلز رات 10 بجے بند کرنا لازم قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button