جہلم میں مہنگائی کا طوفان، دکاندار سرکاری نرخنامے کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کرنے لگے

جہلم شہر اور گردونواح میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ اشیائے خوردونوش، پھل اور سبزیاں شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ مقامی دوکانداروں نے مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنا معمول بنا لیا ہے، جبکہ سرکاری ریٹ لسٹ کو یکسر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
بااثر دکاندار سرکاری نرخناموں کے برعکس من مانے نرخوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔ پھل اور سبزیاں 50 فیصد زائد قیمت پر بیچی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی ہے، تاہم ان احکامات پر عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔
شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس سے دکانداروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ عوامی، سماجی اور فلاحی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



