14
جہلم کی شہری آبادی میں قائم غیر قانونی جانوروں کے باڑوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ جانوروں کے ان غیر قانونی باڑوں سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اندرونِ شہر کی مختلف آبادیوں بالخصوص محلہ سلمان پارس اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں جانوروں کے غیر قانونی باڑے قائم کر رکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہری آبادیوں میں مویشیوں کے باڑے قائم کرنے پر سخت پابندی عائد ہے، اس کے باوجود میونسپل کمیٹی جہلم اور محکمہ ماحولیات کے متعلقہ افسران کی عدم توجہی کے باعث یہ غیر قانونی باڑے بدستور قائم ہیں۔
مکینوں کے مطابق جانوروں کے باڑوں سے اٹھنے والا تعفن نہ صرف صحت کے مسائل پیدا کر رہا ہے بلکہ جانوروں کا فضلہ سیوریج لائنوں میں ڈالے جانے سے آئے روز نالیاں اور سیوریج سسٹم بند ہو جاتا ہے، جس سے پورا علاقہ گندگی اور بدبو کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔
علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں قائم غیر قانونی جانوروں کے باڑوں کا فوری خاتمہ کروایا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہری آبادیوں کو درپیش صحت و صفائی کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔
