جہلم: سبزی فروٹ منڈی سے دکانداروں اور صارفین تک پہنچنے والی اشیائے خورونوش کی ترسیل اور قیمتوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
رمضان المبارک کے دوران ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ عوام کو سرکار کے مقرر کردہ نرخوں پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان میں قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کے باعث سہولت بازاروں سمیت عام مارکیٹ میں بھی عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل ریڑھی بازار بھی رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں سبزی فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ قیمتیں مستحکم رہیں اور سستی و معیاری اشیاء عوام تک بروقت پہنچ سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا، اور سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ مسلسل نگرانی اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے صارفین کو حقیقی اور پائیدار ریلیف فراہم کیا جائے۔
