جہلم شہر میں لٹکتی بجلی کی تاریں شہریوں کے لیے خطرہ، آئیسکو حکام خاموش تماشائی

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کی سول لائن سب ڈویژن کی حدود میں ہر طرف بے ہنگم اور لٹکتی بجلی کی ننگی تاریں شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔ معمولی ہوا یا ہلکی بارش سے سپارکنگ اور شارٹ سرکٹ کا ہونا روز کا معمول بن چکا ہے جبکہ متعلقہ سب ڈویژن کے افسران و اہلکار محض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے گلی محلوں اور بازاروں میں بجلی کی خستہ حال اور ننگی تاریں جھولتی ہوئی نظر آتی ہیں جو نہ صرف برقی حادثات کا باعث بن رہی ہیں بلکہ شہریوں کے قیمتی سامان اور جانوں کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ معمولی بارش کے بعد اکثر مقامات پر کرنٹ دیواروں میں سرایت کر جاتا ہے جبکہ متعدد بار شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تاروں کی سپارکنگ کے باعث ان کی لاکھوں روپے مالیت کی برقی اشیاء جل کر تباہ ہو چکی ہیں۔ خاص طور پر برسات کے موسم میں ننگی تاروں کے باعث حادثات کا خدشہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ دیواروں کے ساتھ لگے ننگے کنکشن اور جوڑ کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بارہا متعلقہ سب ڈویژن کے افسران کو شکایات درج کرائیں، مگر اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ آئیسکو سول لائن سب ڈویژن کے افسران کی غفلت اور لاپروائی سے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
شہریوں نے آئیسکو سرکل جہلم کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ان خطرناک لٹکتی تاروں کو ہٹایا جائے اور بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔



