بوائز ہائرسکینڈری سکول پرائمری سیکشن جلالپورشریف میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد

پنڈدادنخان: گورنمنٹ بوائز ہائرسکینڈری سکول پرائمری سیکشن جلالپورشریف میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد، پرنسپل ریٹائرڈ محمد عنائیت بُھٹہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول پرائمری سیکشن جلالپورشریف میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں ریٹائرڈ اساتذہ میاں عبدالرزاق، ماسٹر محمد فاضل، ماسٹر محمد ارشد، شاہد تنویر، مرزا محمد ارشد، سید اقبال حیدر اور ادارہ کے جُملہ اسٹاف نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ریٹائرڈ پرنسپل محمد عنائیت بُھٹہ اور قائم مقام پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول جلالپورشریف حافظ عبدالسبحان تھے۔ معزز مہمانانِ گرامی کی آمد پر کیمپس انچارج ماسٹر جاوید اقبال نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طلبا ء نے نعت خوانی اور ملی نغموں سے تقریب کو چار چاند لگا دیئے، بعد میں معزز مہمانوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

تقریب کے آخر میں ریٹائرڈ پرنسپل محمد عنائیت بُھٹہ اور موجودہ پرنسپل حافظ عبدالسبحان نے شُرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور گریجوایٹ اساتذہ طلبہ و طالبات کو تعلیمی زیور سے آشنا کرنے پر مامور ہیں لہٰذا والدین کو چاہئے کہ مہنگائی کے اس دور میں پرائیویٹ سکولوں میں بھاری بھرکم فیسیں ادا کرنے کی بجائے اپنے بچوں کو گورنمنٹ کے تعلیمی اداروں میں داخل کروائیں۔

تقریب کے اختتام پر کیمپس انچارج ماسٹر محمد جاوید اقبال نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ سابقہ ٹیچر میاں عبدالرزاق نے ادارے کی کامیابی اور ارض پاک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button