عید الاضحی پر مثالی صفائی کرنے والے سینٹری ورکرز میں دس دس ہزار روپے تقسیم

پنڈدادنخان: پنجاب حکومت کی "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت عیدالاضحی کے موقع پر تحصیل پنڈدادنخان میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کرنے پر سینٹری ورکرز کی خدمات کا شاندار اعتراف کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صفائی کی بہتر کارکردگی پر ہر سینٹری ورکر کو 10،000 روپے نقد انعام دیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک پُروقار تقریب اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں سابق ایم پی اے مسلم لیگ (ن) حاجی ناصر محمود للِہ، معروف عالم دین مولانا مفتی بشیر کرم، اور مرکزی صدر انجمن تاجران چوہدری زبیر جمیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں صاف ستھرا پنجاب مہم کے تحت بہترین خدمات انجام دینے والے سینٹری ورکرز میں 10،10 ہزار روپے کے نقد انعامی چیک تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے سینٹری اسٹاف کی دن رات محنت کو سراہتے ہوئے انہیں "خاموش ہیروز” قرار دیا، جو عید کے دنوں میں بھی اپنی ذمہ داریاں نہایت جانفشانی سے انجام دیتے ہیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے اپنے خطاب میں کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اور ہمارے سینٹری ورکرز نے اس کا عملی مظاہرہ کر کے عوام کو بہتر ماحول فراہم کیا۔

سابق ایم پی اے حاجی ناصر للِہ نے کہا کہ یہ ورکرز عید کے دنوں میں بھی خدمتِ خلق میں مصروف رہے، ہم ان کی خدمات پر فخر کرتے ہیں۔

مولانا مفتی بشیر کرم نے کہا کہ صفائی دینِ اسلام کا حصہ ہے، اور جو لوگ اس فرض کو انجام دیتے ہیں وہ ہمارے دلوں میں عزت کے مستحق ہیں۔ چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی کارکردگی نے واضح کر دیا کہ اگر خلوص نیت سے کام کیا جائے تو ہر ممکن کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔”

تقریب کا مقصد صرف انعامات کی تقسیم نہیں بلکہ ان محنت کشوں کو وہ مقام دینا تھا جس کے وہ حقیقی طور پر مستحق ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین نے سینٹری اسٹاف کے لیے تالیاں بجا کر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

Exit mobile version