عیدالاضحی؛ ضلع جہلم میں صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل، 2892 ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانےلگائی گئیں

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب” اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات کے تحت عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ضلع بھر میں ایک جامع، منظم اور مؤثر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم کی نگرانی میں عید سے ایک رات قبل شروع ہونے والا گرینڈ صفائی آپریشن مسلسل چار روز جاری رہا، جس کے دوران ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی بروقت تلفی، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
عیدالاضحیٰ کے تینوں دنوں میں ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم نے مجموعی طور پر 2,892 ٹن سے زائد آلائشیں اکٹھی کرکے محفوظ انداز میں ٹھکانے لگائیں جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی 1,467 شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ جدید ویسٹ مینجمنٹ حکمت عملی، مؤثر مانیٹرنگ اور فیلڈ ٹیموں کی مسلسل موجودگی کے باعث ضلع کے کسی بھی علاقے میں آلائشوں کو جمع نہیں ہونے دیا گیا۔
صفائی آپریشن میں 1,488 سے زائد سینٹری ورکرز، 380 گاڑیاں اور بھاری مشینری مسلسل متحرک رہیں جبکہ عید کے موقع پر تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ ضلعی و تحصیل سطح پر افسران اور فیلڈ ٹیموں نے دن رات محنت کرتے ہوئے صفائی کے اس بڑے ہدف کو کامیابی سے مکمل کیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے صفائی آپریشن، آلائشوں کی بروقت تلفی، شکایات کے ازالے اور فیلڈ سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی۔ انفورسمنٹ ٹیموں، پیرا فورس اور ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیموں نے بھی فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے صفائی پلان پر عملدرآمد اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
آلائشوں کی منتقلی کے بعد تمام عارضی ٹرانسفر اسٹیشنز کو ختم کر کے عرقِ گلاب سے دھویا گیا جبکہ جراثیم، بدبو اور تعفن کے خاتمے کے لیے بھاری مقدار میں چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ اسی طرح ڈمپنگ سائٹس پر کھودے گئے گڑھوں کو مٹی سے بھرنے کے بعد ان پر بھی چونا ڈالا گیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحتِ عامہ کے مسائل سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، ستھرا پنجاب ایجنسی، بلدیاتی اداروں، پیرا فورس، ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیموں اور فیلڈ ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے مثالی انتظامات ضلعی اداروں کے باہمی تعاون اور شہریوں کے بھرپور اشتراک کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم نے کہا کہ عید صفائی آپریشن کی کامیابی پوری ٹیم کی شبانہ روز محنت، مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت رسپانس کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مینیجر آپریشنز علی مراد، چاروں تحصیل مینیجرز، کنٹریکٹر منیجرز شفقت عمران اور فہد راجہ سمیت تمام افسران، سپروائزرز اور ورکرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی آئندہ بھی شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔



