پولیس تحفظ مرکز جہلم میں 14 مستحق افراد میں رمضان راشن پیکج تقسیم

جہلم: پولیس تحفظ مرکز جہلم نے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر الصدیق ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس میں 14 ضرورت مند افراد اور خواتین میں رمضان راشن پیکج تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں الصدیق ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندگان، ٹیم تحفظ مرکز اور مستحق افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران انچارج تحفظ مرکز نے راشن پیکج تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تحفظ مرکز جہلم ہمیشہ معاشرے کے محروم طبقات کی خدمات میں پیش پیش رہا ہے اور آئندہ بھی سول سوسائٹی کے اشتراک سے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر کمیونٹی کے افراد نے جہلم پولیس اور سول سوسائٹی کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ پولیس تحفظ مرکز نہ صرف عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے بلکہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے بھی ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کے محروم طبقات کی مشکلات کے حل کے لیے جہلم پولیس اور سول سوسائٹی مل کر کام کرتی رہے گی۔



