اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے غزہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے حمایتی گماشتے فلسطینی عوام پر جو ظلم ڈھا رہے ہیں، وہ تاریخ کا ایک سیاہ باب بن چکا ہے، اور فلسطینیوں کے صبر و استقلال کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حوصلے کو دیکھ کر انسان حیران رہ جاتا ہے کہ وہ اپنے وطن کے لیے مرنے اور اپنی نسلوں کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، مگر وہ اپنے وطن سے نہیں بھاگیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینیوں کی قربانیاں اور صبر کسی صورت میں رائیگاں نہیں جائیں گے اور ہم ان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے۔

جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام کے مہتمم مولانا قاری ابوبکر صدیق نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموشی اختیار کرنا گناہ ہے اور ایمانی حمیت و غیرت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل فکر و دانش کو مل کر فلسطین میں ظلم کو روکنے کے لیے ایک موثر لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی غزہ میں فلسطینیوں پر ظلم کی خبریں ملتی ہیں، دل خون کے آنسو روتا ہے اور اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا ضروری ہے۔

ریلی نماز جمعہ کے فوراً بعد چوک اہل حدیث سے شروع ہوئی اور گنبد والی مسجد پہنچی، جہاں ایک قافلہ احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوا۔ بعد ازاں ریلی شاندار چوک سے اقبال لائبریری روڈ سے ہوتی ہوئی سول لائن روڈ اور گنبد والی مسجد کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔

اس دوران جلسہ میں قائدین نے مؤثر اور پرجوش خطابات کیے، جن میں قاری محمد اظہر اقبال (اہل سنت والجماعت جہلم)، چوہدری محمد شعیب (انجمن تاجران) اور محمد شکیل بھٹہ (بار کونسل) نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

آخر میں شیخ الحدیث جامعہ حنفیہ مولانا ظفر اقبال نے فلسطینی عوام کے لیے دعا کی۔ اس ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button