ٹریفک قوانین میں ترمیم کے بعد جہلم میں کریک ڈاؤن، گرفتاریاں اور جرمانے، ہیلمٹ نایاب ہو گئے

48
جہلم: ٹریفک قوانین میں ترمیم کے بعد جہلم میں کریک ڈاؤن جاری ہے، گرفتاریوں اور جرمانوں کے بعد ہیلمٹ نایاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان سمیت گردونواح میں ٹریفک ایکٹ میں ترمیم کے بعد سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی جانب سے مختلف سڑکوں پر ناکے لگا دیے گئے، جس کے نتیجے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی شامت آگئی۔
کم عمر موٹر سائیکل سواروں، بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ اور دیگر خلاف ورزیوں پر سینکڑوں افراد کو ضلع کے مختلف تھانوں کی حوالاتیوں میں بند کر دیا گیا جبکہ متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کارروائیوں کے بعد ضلع بھر میں ہیلمٹ نایاب ہو گئے ہیں۔ دکانداروں نے قیمتی ہیلمٹ من مانے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کر دیے ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کریک ڈاؤن کے باعث خوف و ہراس میں مبتلا والدین اور شہری چاروں تحصیلوں کی کچہریوں میں اپنے بچوں کی رہائی اور آفیسز کے چکر لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
متاثرہ والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے خلاف قوانین میں نرمی کی جائے تاکہ کم عمر موٹر سائیکل سوار اپنے لائسنس اور ہیلمٹ با آسانی حاصل کر سکیں اور انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



