جہلم میں بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا

جہلم شہر اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی کی وقفے وقفے سے بندش کے باعث جہاں گھریلو معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں، وہیں دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی بار بار بندش نے مسائل مزید بڑھا دیے ہیں۔ رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث گرمی اور مچھروں کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور بعض افراد راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق مہنگائی میں اضافے کے ساتھ روزگار کے مواقع محدود ہونے سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث کم آمدنی والے خاندان شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔
ضلع جہلم کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے اور ان کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔



