جہلم کی یونین کونسل چک جمال کا گاؤں شیخ قریشاں بنیادی سہولیات سے محروم

جہلم: یونین کونسل چک جمال کے علاقے شیخ قریشاں کے رہائشی آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، گندے پانی کا جوہڑ وبائی صورتحال پیدا کرنے لگا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی یونین کونسل چک جمال کے گاؤں شیخ قریشاں کے رہائشی آج کے جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ گاؤں کے بالکل وسط میں موجود گندے پانی کا وسیع جوہڑ عوام کی زندگی اجیرن بنائے ہوئے ہے۔

تعفن کی شدید بدبو، مچھروں کی بھرمار اور گندے پانی کے باعث علاقے میں بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور منتخب نمائندے اس سنگین مسئلے کے حل کی جانب کوئی عملی قدم اٹھانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

اہلِ علاقہ کے مطابق گاؤں میں تعلیم، صحت، صفائی اور نکاسی آب سمیت کوئی بھی سرکاری سہولت میسر نہیں۔ بچے روزانہ کئی کلومیٹر دور اسکول جانے پر مجبور ہیں جبکہ بیماری کی صورت میں مریضوں کو دور دراز اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور منتخب ارکانِ اسمبلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گاؤں کے قلب میں موجود اس بدبودار جوہڑ کا خاتمہ اور نکاسیٔ آب کا مسئلہ فوری حل کیا جائے تاکہ علاقہ مکین خصوصاً معصوم بچے بیماریوں اور وباؤں سے محفوظ رہ سکیں۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ علاقے کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا جائے اور شیخ قریشاں کے شہریوں کو بھی وہی توجہ دی جائے جس کے وہ مستحق ہیں۔

Exit mobile version