پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کھیوڑہ نمک کان پہنچ گئی

پنڈدادنخان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کی ٹرافی اپنی شاندار ٹرافی ٹور کے دوران کھیوڑہ نمک کان پہنچ گئی، جہاں اس کی شاندار رونمائی کی گئی اور خصوصی فوٹو شوٹ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کراچی، لاہور، ملتان اور دیگر شہروں کا سفر طے کرنے کے بعد ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں واقع تاریخی کھیوڑہ نمک کان میں لائی گئی، جہاں اس کی نمائش کی گئی۔
نمک کان کے دلکش قدرتی پس منظر میں ٹرافی کے فوٹو شوٹ کا انعقاد کیا گیا، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے خصوصی طور پر ریکارڈ کیا گیا۔
ٹرافی کی آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پُرجوش استقبال کیا اور اس کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔ کھیوڑہ نمک کان کے اندر اور باہر مختلف مقامات پر ٹرافی کو نمائش کے لیے رکھا گیا، جہاں شہریوں نے جوش و خروش کا اظہار کیا اور یادگار لمحات کو کیمروں میں قید کیا۔
شائقینِ کرکٹ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کا پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی مقامات پر لے جایا جانا ایک زبردست اقدام ہے، جس سے نہ صرف کھیل کی ترویج ہو رہی ہے بلکہ سیاحت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ شہریوں نے اس منفرد موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کو سراہا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کو پاکستان کے ثقافتی ورثے کا حصہ سمجھی جانے والی کھیوڑہ نمک کان میں لے جایا گیا، جہاں کرکٹ کے مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔



