جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تعلیمی معیار اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ بوائز اور گرلز ہائی سکولز کالا گجراں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے سکول میں تدریسی عمل، کلاس رومز اور اساتذہ کی حاضری کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے براہ راست طلباء و طالبات کے پاس جا کر ان سے تعلیم کے معیار، نصابی سرگرمیوں اور سکول میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بات چیت کی۔ انہوں نے سکول کی عمارت کی حالت اور صفائی کے انتظامات کا بھی بغور مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے سکول پرنسپل اور تدریسی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے لیے بہترین اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنایا جائے تاکہ وہ پوری توجہ اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں۔
