جہلم میں شدید بارش، نکاسی آب کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر نگرانی شدید بارشوں کے بعد شہر میں جمع ہونے والے بارشی پانی کی نکاسی کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔

گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے باعث جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیے۔ ڈی واٹرنگ مشینوں کے ذریعے پانی کی نکاسی کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ سینٹری سٹاف بڑی تعداد میں فیلڈ میں کام کر رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عثمان گوندل خود فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے صبح سویرے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود عملے کو نکاسی آب کا عمل تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں اور پولز سے دور رہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور جلد پانی کی نکاسی مکمل کر دی جائے گی تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری خاتمہ ممکن ہو۔

Exit mobile version