ماہ مبارک میں تزکیہ نفس کیساتھ مستحقین کی داد رسی کرنا مستحب عمل ہے، پیر سید ریاض حسین شاہ

جہلم: ماہِ مبارک میں تزکیۂ نفس کے ساتھ ساتھ مستحقین کی داد رَسی کرنا مستحب عمل ہے، جس کا اجر و ثواب مسلسل بڑھتا جاتا ہے، بشرطیکہ اس عمل میں ریاکاری اور خودنمائی سے اجتناب کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار پیر سید ریاض حسین شاہ خطیبِ اعظم مدنی جامعہ مسجد نئی آبادی کھرالہ نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین کو امدادی سامان فراہم کرتے وقت ان کے ساتھ تصاویر بنوانا ان کی عزتِ نفس کو مجروح کرتا ہے، جو کسی صورت مناسب عمل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام ہمیں صبر و تحمل، بھلائی اور انسانیت نوازی کا درس دیتا ہے۔ تاہم ہمارے معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے جو معاشرتی بگاڑ کی ایک بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں لوگ ایک دوسرے کی بات مکمل سنے اور سمجھے بغیر فوری ردِعمل دینے کے عادی ہو چکے ہیں جو انتشار اور بداعتمادی کو جنم دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ صبر، برداشت اور دوسروں کے احساسات کی قدر کرنے کی روش اپنائیں تاکہ ایک مثبت اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔



