جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے ڈپٹی چیف وارڈن زاہد بٹ کی قیادت میں سول ڈیفنس اہلکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سول ڈیفنس جہلم کے افسران اور عملے نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع جہلم میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران سول ڈیفنس کے جاری امور، ضلع میں سرگرمیوں، اہلکاروں کی تربیت اور تعیناتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو درپیش مسائل اور مستقبل کے اہداف سے بھی آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس موقع پر کہا کہ سول ڈیفنس ایک اہم فلاحی اور دفاعی ادارہ ہے جسے مزید فعال بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو سول ڈیفنس کا رضاکار بنا کر ان کی تربیت کی جائے تاکہ انہیں معاشرے کا مفید اور فعال فرد بنایا جا سکے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سول ڈیفنس کے مسائل حل کرنے اور ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
