جہلم میں تاریخی "ونٹر اسپورٹس گالا” کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں

جہلم میں تاریخی "ونٹر اسپورٹس گالا” کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، جو ایک نئے جہلم کی بنیاد "کھیل، توانائی اور یوتھ پاور!” کے ویژن کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس اہم تقریب کے انعقاد کے لیے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے بھائی حمزہ اظہر کیانی کی قیادت میں اسپورٹس وفد نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے ملاقات کی، جس میں پہلی بار تمام مقامی اسپورٹس ایسوسی ایشنز، کھلاڑیوں اور اسپورٹس کمیونٹی کو باضابطہ طور پر مشاورت میں شامل کیا گیا۔
اس میگا ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے شوق کو فروغ دینا، صحت مند سرگرمیوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو بڑھانا ہے۔ اس تقریب میں توقع ہے کہ 10,000 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گے، جو کھیل، صحت اور کمیونٹی سرگرمیوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
"ونٹر اسپورٹس گالا” سے نہ صرف جہلم کے اسپورٹس کلچر کو نئی زندگی ملے گی بلکہ نوجوانوں کی صلاحیتیں بھی نکھر کر سامنے آئیں گی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے نئے امکانات پیدا کرتے ہیں۔



